uae

دبئی: فائنل میں بارش، میچ ہار جیت کے بغیر ختم

دبئی: (قلمدان) پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جانے والا تیسرا اور فائنل ون ڈے بارش کی نذر، جس کے بعد دونوں ٹیموں میں 3 میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہو گئی۔ پاکستان نے کیویز سے 7 برس بعد سیریز جیتنے کا خواب دیکھا جو ادھورا رہ گیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان نے فائنل میں نیوزی لینڈ کو جیت کیلئے 280 رنز کا ہدف دیا لیکن کیویز نے ایک وکٹ کے نقصان پر 35 رنز ہی بنائے تھے کہ آسمان کو بادلوں نے گھیر لیا۔اور بارش شروع ہونے کی وجہ سے میچ روکنا پڑا۔

اس سے قبل قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور اپنے کھلاڑیوں کو میدان میں اتارا۔ محمد حفیظ نے فخر زمان کے ساتھ اوپننگ کی، تاہم وہ 19 رنز بنا کر ہٹ وکٹ ہو کر آؤٹ ہو گئے۔

اس کے بعد فخر زمان نے اپنی بلے بازی کے جوہر دکھائے اور آٹھ چوکوں کی مدد سے 65 رنز کی شانداراننگز کھیلی۔ اس کے علاوہ نوجوان بلے باز بابر اعظم نے بھی اس میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف ٹیم کے سکور کو آگے بڑھایا بلکہ 100 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے چار چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 92 رنز بنائے۔

دیگر بلے بازوں میں حارث سہیل نے 60 جبکہ شعیب ملک18 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ پاکستانی ٹیم نے مقررہ پچاس اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر پانچ اعشاریہ آٹھ پانچ کی اوسط سے 279 رنز بنائے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے فرگوسن نے شاندار باؤلنگ کی اور 10 اوورز میں صرف 45 رنز دے کر پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ہینری، بولٹ اور گرینڈ ہومی کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

پاکستان کی جانب سے اس سیریز میں بابر اعظم 154 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ مین آف دی سیریز لوکی فرگوسن کے نام رہا جہوں نے سیریز میں 11 شکار کیے، پاکستان کے شاہین آفریدی نے سیریز میں 9 وکٹیں اڑائیں۔

دوسری جانب بارش نے متحدہ عرب امارات میں سماں باندھ دیا جس کے ساتھ ہی موسم سرما کا آغاز ہو گیا ہے. محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے.

اپنا تبصرہ بھیجیں