DUBAI NEWS

دبئی: موبائل میں بیلنس نہ کرانے پر بیوی نے طلاق مانگ لی

دبئی (یواےای اردو) دبئی کی ایک عدالت میں اس وقت دلچسپ صورتحال پیدا ہو گئی جب ایک عورت نے 50 درہم کا لوڈ نہ کرانے پر خاوند سے طلاق کا مطالبہ کر دیا.
خلع کا دعوی دائر کرنے کیلئے عدالت پہنچنے والی خاتون کا کہنا تھا کہ اس کا خاوند انتہائی کنجوس اور خرچ کے معاملے میں اسے تنگ کرتا ہے. اور اکثر اوقات بار بار کہنے کے باوجود خرچ کے لیے اسے پیسے نہیں دیتا.
خاتون اور اس کے خاوند کے درمیان جھگڑا اس وقت شروع ہوا جب اس نے اپنے شوہر سے 50 درہم کا لوڈ کرانے کی فرمائش کی تاکہ وہ اپنی سہیلیوں سے بات کر سکے. لیکن اس کے خاوند کے انکار کے بعد بیوی کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا. اور میاں بیوی کے درمیان تلخ کلامی ہو گئی.
خلع کا مطالبہ کرنے والی خاتون کا کہنا تھا کہ اس کا شوہر پچھلے ایک سال سے مالی مصائب کا شکار ہے، اس کی مشکلات کو دیکھتے ہوئے وہ صبروشکر سے گزارہ کرتی رہی اور کبھی خاوند سے کوئی ایسا مطالبہ نہیں کیا جو اس کے لیے پریشانی کا باعث بنے.
خاتون کا مزید کہنا تھا کہ اس کا خاوند اس کا خرچ اٹھانے کی سکت نہیں رکھتا جس پر وہ اس کے ساتھ نہیں رہ سکتی، تاہم اس کے شوہر نے کہا کہ اس کا اپنی بیوی سے علیحدہ ہونے کا کوئی ارادہ نہیں ہے. وہ وقتا فوقتا اپنی بیوی کو خرچ دیتا رہا ہے تاہم صرف موبائل لوڈ کی بات پر علیحدگی کا کوئی جواز نہیں بنتا.

اپنا تبصرہ بھیجیں