dubai

عمران خان اور شیخ محمد بن زید کی ملاقات، اماراتی ولی عہد پاکستان کا دورہ کریں گے، مشترکہ اعلامیہ جاری

ابوظہبی (یواےای اردو) وزیر اعظم عمران خان اور شیخ محمد بن زید میں دوطرفہ تعلقات کو طویل المدت سٹرٹیجک اور اقتصادی شراکت داری میں بدلنے پر اتفاق، مشترکہ دفاعی پیداوار اور دہشتگردی کے خلاف ملکر کام کرنے کا عزم ، اماراتی ولی عہد پاکستان کا دورہ کریں گے ، مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا ۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان اور اماراتی ولی عہد شیخ محمد بن زید النہیان کی ملاقات کے بعد جاری کردہ مشترکہ اعلامیہ کے مطابق دونوں رہنماﺅں نے علاقائی اور عالمی معاملات سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا، اس موقعے پر د وطرفہ تعلقات کو طویل المدت سٹرٹیجک اور اقتصادی شراکت داری میں بدلنے پر اتفاق کیاگیا، تاریخی شراکت داری کوفروغ دینے کیلئے فوری اقدامات کرنے اور تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا.
اماراتی ولی عہد کا کہنا تھا کہ انسداد دہشت گردی کے لئے پاکستان کی قربانیاں قابل تعریف ہیں جبکہ وزیر اعظم عمران خان نے بانی متحدہ عرب امارات کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ شیخ زید بن سلطان النہیان پاکستان کے سچے دوست تھے. وزیر اعظم نے رواداری کے فروغ ، اقتصادی ترقی ، سیاحت کے فروغ اور بہترین ٹیکنالوجی کے استعمال میں یو اے ای کی کامیابیوں کوسراہا ۔ وزیر اعظم نے پاکستان میں سماجی ، اقتصادی ترقی کیلئے یو اے ای کی قیادت کے عزم کا شکریہ ادا کیا اور پولیو کے خاتمے میں تعاون کوسراہا ۔
دونوں رہنماﺅں نے یواے ای کے اعلیٰ سطحی اقتصادی وفد کے دورہ پاکستان کے نتائج پر بھی اطمینان کا اظہار کیااور اقتصادی ترقی کیلئے لائحہ عمل ترتیب دینے پر اتفاق کیا، مشترکہ اعلامیہ کے مطابق دونوں ملکوں کے مشترکہ و زارتی کمیشن کا اجلاس فروری 2019میں ہوگا ۔
اس موقع پر دونوں رہنماﺅں نے زیر غور معاہدو ں کوجلد حتمی شکل دینے کیلئے مشاور ت پر اتفاق کیا اور دفاع ، سلامتی کے شعبوں میں تعاون پر اظہار اطمینان کیا ، مشترکہ دفاعی پیداوار اور مشقوں میں تعاون کیلئے عزم کا اظہار کیا گیا ، دونوں رہنماﺅں نے دہشتگردی کے خلاف مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا ، ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کی اور کہا کہ رواداری ، عدم مداخلت سے ہی پائیدار امن و استحکام ممکن ہے۔
وزیر اعظم عمران خان نے یو اے ای کی قیادت کو اپنی حکمت عملی کے اصلاحاتی ایجنڈے سے آگاہ کیا اور کہا کہ پاکستان ایکسپو2020میں بھرپور شرکت کرے گا ۔اس موقعے پر وزیر اعظم نے اماراتی ولی عہد کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کرلی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں