mohammed bin zayed

محمد بن زاید اور پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف کی ملاقات

ابوظہبی ( یو اے ای اردو – 30 اپریل 2022 – ارشد فاروق بٹ ) ابوظبی کے ولی عہد اور متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج کے ڈپٹی سپریم کمانڈر شیخ محمد بن زاید آل نھیان اور پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف نے ملاقات کی ہے۔

ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ تعلقات کو فروغ دینے اور مختلف شعبوں میں تعاون آگے بڑھانے کے امکانات کے ساتھ ساتھ مشترکہ تشویش کے متعدد علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان قصر الشاطی محل میں ملاقات ہوئی۔ شیخ محمد بن زاید نے پاکستان کو مزید ترقی اور خوشحالی کی طرف لے جانے میں وزیراعظم شہباز شریف کی کامیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

دونوں رہنماؤں نے عیدالفطر کی آمد پر مبارکباد کا تبادلہ کیا اور عالم اسلام اور دنیا کی تمام اقوام کی ترقی و خوشحالی کی دعا کی۔ شیخ محمد بن زاید نے دونوں ممالک کے درمیان تاریخی تعلقات اور متحدہ عرب امارات میں پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے ملک کی ترقی میں گرانقدر شراکت کو سراہا۔

انہوں نے خطے اور پوری دنیا میں امن اور تعاون کے حصول کی خاطرسازگار اقدامات کے لیے متحدہ عرب امارات کی حمایت پر زور دیتے ہوئے خطے کے تمام لوگوں کے فائدے کے لیے مستقل استحکام کی خواہش کا اظہار کیا۔ پاکستانی وزیر اعظم نے پرتپاک استقبال اور وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دینے پر شیخ محمد کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے ترقیاتی شعبے میں متحدہ عرب امارات کی جانب سے اپنے ملک کے لیے بھرپور تعاون کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعلقات کو مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔

انہوں نے خطے اور دنیا کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں نائب وزیراعظم اور وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل شیخ سیف بن زاید آل نھیان، شیخ طیب بن زاید آل نھیان، امور خارجہ اور بین الاقوامی تعاون کے وزیر شیخ عبداللہ بن زایدآل نھیان، وزیر مملکت برائے دفاعی امور محمد بن احمد البواردی، متحدہ عرب امارات کے صدر کے سفارتی مشیر ڈاکٹر انور قرقاش اور سپریم نیشنل سیکورٹی کونسل کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل علی بن حماد الشمسی بھی موجود تھے۔

ایڈیٹر ارشد فاروق

ارشد فاروق
ارشد فاروق بٹ کالم نگار اور بلاگر ہیں۔ یو اے ای اردو ویب سائٹ پر آپ ویزہ گائیڈ اور اردو نیوز کی کیٹیگری اپڈیٹ کرتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔