ورلڈ کپ2019ء،پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلینڈکو 14رنز سے شکست دیدی

آئی سی سی ورلڈ کپ کے چھٹے میچ میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلینڈکو رنز سے شکست دیدی ہے ۔ 349 رنز کے ہدف کے تعاقب میں صرف 12 رنز پر انگلینڈ کو جیسن روئے کی وکٹ کی شکل میں پہلا نقصان اٹھانا پڑا، وہ 8 رنز بنار شاداب خان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آﺅٹ ہوئے۔بیرسٹو اور جو روٹ نے دوسری وکٹ کے لئے 48 رنز بنائے لیکن 60 کے اسکور پر بیرسٹو 32 رنز بناکر وہاب ریاض کی گیند پر وکٹ کیپر سرفراز احمد کو کیچ دے بیٹھے،کپتان این مورگن زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور صرف 9 رنز بناکر محمد حفیظ کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے،بین سٹوکس بھی صرف 13 رنز بناکر شعیب ملک کا شکار ہوگئے، جو روٹ نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے ورلڈ کپ 2019ءکی پہلی سنچری سکور کی،ابھی روٹ کے سکور میں صرف 7 رنز کی ہی اضافہ ہوا تھا کہ شاداب خان کی گیند پر محمد حفیظ نے کیچ لےکر پویلین کی راہ دکھادی، روٹ اور بٹلر نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 130 رنز بنائے۔
جوز بٹلر اپنی سنچری مکمل کرکے103رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے جبکہ ووکس21اور معین19رنز بنا سکے، آرچر ایک رن بنا کر آﺅٹ ہوئے،اس سے قبل ٹرینٹ برج ،ناٹنگھم میں کھیلے جا رہے میچ میں انگلش کپتان این مورگن نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز امام الحق اور فخر زمان نے کیا اور دونوں کھلاڑیوں نے اپنی ٹیم کو 82 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا۔
فخر زمان 36 رنز بنا کر معین علی کی گیند پر سٹمپڈ ہوئے۔پاکستان کو دوسرا نقصان 21 ویں اوور میں ہوا جب معین علی کی گیند پر کرس ووکس نے امام الحق کا شاندار کیچ پکڑ کر ان کی اننگز کا خاتمہ کیا، انہوں نے 44 رنز کی اننگز کھیلی۔بابر اعظم اور محمد حفیظ نے تیسری وکٹ کے لئے قیمتی 88 رنز جوڑے اور ٹیم کا سکور 199 تک پہنچایا، بابر اعظم بھی معین علی کی گیند پر ووکس کو کیچ دے بیٹھے، وہ 63 رنز بناکر آﺅٹ ہوئے۔
محمد حفیظ اور کپتان سرفراز احمد نے مل کر 80 رنز بنائے، ٹیم کا سکور 279 ہوا تو محمد حفیظ 62 گیندوں پر 2 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 84 رنز بناکر ووڈ کی گیند پر ووکس کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوگئے۔آصف علی صرف 14 رنز بناسکے، وہ ووڈ کی گیند پر بیرسٹو کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوئے۔ کپتان سرفراز احمد نے 44 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 55 رنز بنائے۔وہاب ریاض 4 اور شعیب ملک 8 رنز بناسکے جبکہ حسن علی اور شاداب خان 10، 10 رنز کےساتھ ناٹ آﺅٹ رہے۔
اس طرح پاکستان ٹیم مقررہ پچاس اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 348 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔انگلینڈ کی جانب سے معین علی اور ووکس نے تین، تین جبکہ ووڈ نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ایونٹ میں اب تک دونوں ٹیمیں اپنا ایک ایک میچ کھیل چکی ہیں جس میں انگلینڈ کو کامیابی اور پاکستان کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔قومی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں، حارث سہیل اور عماد وسیم کی جگہ شعیب ملک اور آصف علی کو شامل کیا گیا ہے۔
پاکستان کےخلاف انگلش ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی، لیام پلنکٹ کی جگہ مارک ووڈ کو 11 رکنی ٹیم کا حصہ بنایا گیا ۔قومی ٹیم امام الحق، فخر زمان، بابراعظم، شعیب ملک، کپتان سرفراز احمد، محمد حفیظ، آصف علی، شاداب خان، حسن علی، وہاب ریاض اور محمد عامر پر مشتمل ہے۔انگلش ٹیم میں جیسن رائے، جونی برسٹو، جو روٹ، کپتان این مورگن، بین سٹوکس، جوس بٹلر، معین علی، کرس ووکس، جوفرا آرچر، عادل رشید اور مارک ووڈ شامل ہیں۔یاد رہے کہ پاکستان کو ورلڈ کپ کے پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز نے 7وکٹوں سے باآسانی شکست دی تھی

اپنا تبصرہ بھیجیں