uae urdu travel news

ریزیڈنسی ویزہ ہولڈرز کے لیے جی ڈی آر ایف اے اور آئی سی اے کی منظوری ختم

دبئی ( یو اے ای اردو – ارشد فاروق بٹ ) متحدہ عرب امارات نے ریزیڈنسی ویزہ ہولڈرز کو اب تک کی سب سے بڑی خوشخبری سنا دی ہے. کرونا پابندیوں کے باعث غیر ملکیوں کے لیے نافذ کی گئی جی ڈی آر ایف اے اور آئی سی اے کی منظوری کی شرط ختم کر دی گئی ہے.

تفصیلات کے مطابق ایمریٹس ایئرلائن ، اتحاد ایئرویز اور ایئر انڈیا نے اپنے سفری لوازمات کو اپ ڈیٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب سے تمام ریزیڈنسی ویزہ ہولڈرز براہ راست متحدہ عرب امارات آ سکتے ہیں اور انہیں آمد سے قبل جی ڈی آر ایف اے یا آئی سی اے سے منظوری کی ضرورت نہیں ہے.

واضح رہے کہ اس سے قبل دبئی کے ریزیڈنسی ویزہ ہولڈرز کو یو اے ای سفر سے پہلے جنرل ڈائرکٹوریٹ آف ریزیڈنسی اور فارنرز افیئرز (جی ڈی آر ایف اے) سے منظوری لینا لازمی تھا.

اسی طرح متحدہ عرب امارات کی دیگر ریاستوں یعنی ابوظہبی، شارجہ، اجمان، ام القوین، فجیرہ اور راس الخیمہ کے ریزیڈنسی ویزہ ہولڈرز کو یو اے ای سفر سے پہلے وفاقی اتھارٹی برائے شناخت و شہریت ( آئی سی اے ) سے منظوری لینا لازمی تھا.

ان پابندیوں کا مقصد متحدہ عرب امارات کی جانب سے اس بات کو یقینی بنانا تھا کہ یو اے ای میں صرف وہ افراد داخل ہوں جنہوں نے عالمی ادارہ صحت سے منظوری شدہ کرونا ویکسینز میں سے کسی ایک کی دونوں خوراکیں لگوا لی ہوں.

تاہم اب متحدہ عرب امارات اپنے تمام شہریوں کو ویکسینیٹ کر چکا ہے. لہذا اب کرونا پابندیوں میں نرمی کرتے ہوئے سفری لوازمات میں سے جی ڈی آر ایف اے اور آئی سی اے کی منظوری کو نکال دیا گیا ہے.

ایمریٹس ایئرلائن نے سنیچر کے روز دبئی جانے والے مسافروں کے لیے اپنے سفری لوازمات کو اپ ڈیٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے تمام ریزیڈنسی ویزہ ہولڈرز اب جی ڈی آر ایف اے یا آئی سی اے کی منظوری کے بغیر دبئی کا سفر کر سکتے ہیں.

ایئر عربیہ نے بھی اپنی ویب سائٹ پر وضاحت کی ہے کہ اگر مسافر شارجہ یا کسی اور امارات کا ریزیڈنسی ویزہ ہولڈر ہو تو جی ڈی آر ایف اے یا آئی سی اے کی پیشگی منظوری کی ضرورت نہیں ہے۔

ہندوستان کے فلیگ کیریئر ایئر انڈیا نے بھی جمعہ کو سفری لوازمات اپڈیٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات جانے والے ریزیڈنسی ویزہ ہولڈرز کے لیے پیشگی منظوری کی مزید ضرورت نہیں ہے۔ دیگر نجی ہندوستانی ایئرلائنز نے بھی اسی طرح کے اعلانات کیے ہیں.

اس سے قبل متحدہ عرب امارات کی حکومت کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ ویکسین شدہ مسافروں کو امارات کے سفر سے پہلے پی سی آر ٹیسٹ پیش کرنے کی ضرورت نہیں ہے. تاہم مسافروں کو کرونا ویکسینیشن سرٹیفکیٹ پیش کرنا ہو گا جس میں کیو آر کوڈ ہو.

ایڈیٹر ارشد فاروق

ارشد فاروق
ارشد فاروق بٹ کالم نگار اور بلاگر ہیں۔ یو اے ای اردو ویب سائٹ پر آپ ویزہ گائیڈ اور اردو نیوز کی کیٹیگری اپڈیٹ کرتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔