uae embassy pk twitter

یو اے ای نے پاکستانی مسافروں کے لئے ویکسینیشن سرٹیفکیٹ کی تصدیق کی شرط واپس لے لی

دبئی ( یو اے ای اردو – 24 جولائی 2021 – ارشد فاروق بٹ) متحدہ عرب امارات نے پاکستانیوں پر عائد اس پابندی کو نافذ کرنے کے چند گھنٹوں بعد ہی واپس لے لیا ہے جس میں پاکستانی مسافروں کو پابند کیا گیا تھا کہ وہ یکم اگست سے اپنے ویکسینیشن سرٹیفکیٹ کو وزارت خارجہ اور متحدہ عرب امارات کے پاکستان میں موجود سفارت خانے سے تصدیق کرائیں۔

پاکستان کے دفتر خارجہ کی جانب سے متحدہ عرب امارات کے حکام کے ساتھ معاملہ اٹھائے جانے کے بعد یہ حکم واپس لے لیا گیا ہے۔ تاہم متحدہ عرب امارات کی حکومت کو اب بھی پاکستان میں ہونے والے پی سی آر ٹیسٹ پر تحفظات ہیں اور اماراتی حکام نے کہا ہے کہ مسافروں کی صرف کیو آر کوڈ والی پی سی آر ٹیسٹ رپورٹ قابل قبول ہو گی جو کہ پاکستان میں منظور شدہ لیبارٹریز فراہم کرتی ہیں۔

پاکستانی وزارت خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چودھری اور پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سیلم الزبی نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ویکسینیشن سرٹیفکیٹ کی تصدیق کی حالیہ پابندی کے احکامات مسافروں کی سہولت کے پیش نظر واپس لے لیے گئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان سے پروازیں دوبارہ شروع ہونے کے بعد پاکستانی مسافروں کو نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے ذریعے جاری کردہ ویکسینیشن سرٹیفکیٹ ساتھ لے جانے کی ضرورت ہوگی۔ تاہم اس سرٹیفکیٹ کو وزارت خارجہ یا یو اے ای ایمبیسی سے تصدیق کرانے کی شرط ختم کر دی گئی ہے۔

اسلام آباد میں متحدہ عرب امارات کے سفارتخانے نے اپنی ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ کوویڈ 19 کا ویکسینیشن سرٹیفکیٹ فی الحال متحدہ عرب امارات کے سفر کے لئے ضروری نہیں ہے۔ اس طرح ایمبیسی نے متحدہ عرب امارات کے سفیر کے بیان کی بھی نفی کی ہے جس میں انہوں نے بتایا تھا کہ پاکستانی مسافروں کو نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے ذریعے جاری کردہ ویکسینیشن سرٹیفکیٹ ساتھ لے جانے کی ضرورت ہوگی۔

UAE Embassy Pk Tweet

متحدہ عرب امارات کے حکام نے مزید کہا ہے کہ: “ہم نے پاکستانیوں کے لئے چینی ویکسین کی منظوری کے لئے سعودی عرب سے بھی رابطہ کیا ہے۔” ایسا اس لیے کیا گیا ہے کہ پاکستان میں بیشتر مسافروں کو چینی ویکسین سائنو فارم لگائی گئی ہے۔

واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات نے پاکستان سمیت 14 ممالک سے پروازوں پر پابندی میں 7 اگست تک توسیع کررکھی ہے۔تاہم کوئی واضح پالیسی نہ ہونے کے باعث پروازیں مسلسل ملتوی کی جارہی ہیں.

ایڈیٹر ارشد فاروق

ارشد فاروق
ارشد فاروق بٹ کالم نگار اور بلاگر ہیں۔ یو اے ای اردو ویب سائٹ پر آپ خبروں کی کیٹیگری اپڈیٹ کرتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے